Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 مئ 2021 11:22am

شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کابینہ منظوری کے بعد شہباز شریف کانام ای سی ایل پر ڈال دیا گیا، شہباز شریف کو اگر اجازت دی گئی تو انہیں واپس لانا مشکل ہوگا، شریف خاندان کے 5 افراد پہلے سے مفرور ہیں اور لندن میں بیٹھے ہیں، ان کے خلاف مقدمے میں 5 افراد سرکاری گواہ بن گئے ہیں، اگر انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جاتی تو وہ ان پر اثر انداز ہوسکتے تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی منظوری سے شہبازشریف کا نام ای سی ایل پر ڈال دیا گیا، جبکہ متعلقہ ریکارڈ اس ضمن میں اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے پر متعلقہ افسران کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

شہبازشریف نے مذکورہ درخواست امجد پرویز کی وساطت سےدائر کی، جس میں ڈی جی ایف آئی اے، وفاق حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عدالت نے شہباز شریف کو بیرون جانے کی اجازت دی تھی، عدالتی حکم کے باوجود شہباز شریف کو روکا گیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم 8 مئی کو حکومت نے انہیں جانے سے روک دیا تھا۔ بدھ کے روز وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ایگزٹ کنٹرول لسٹ نے اُن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد یہ معاملہ وفاقی کابینہ کو بھیجا گیا تھا۔ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔

Read Comments