کراچی:محکمہ موسمیات کی18 سے 20 مئی تک ممکنہ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے )نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ جاری کردیا ۔
محکمہ ایئر سائیڈ کے منیجر کی جانب سے ہنگامی اقدامات کیلئے سرکلر جاری کیا گیا ہے، جس میں فوری احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے سائز کے فکس ونگ طیاروں اور روٹری ونگ ہیلی کاپٹرز کیساتھ اضافی وزن لگایا جائے جبکہ کچھ طیاروں کو ہواؤں کی شدت سے بچانے کیلئے ہینگر میں منتقل کیا جائے۔
سرکلر میں ہلکے آلات کو بھی موسم کی خرابی کے باعث محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ حکام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
سی اے اے نے کہا ہے کہ محفوظ ہوائی سفر کیلئے بارشوں کے دوران ایم یو میٹر پارٹی تیار ہوگی، محفوظ سفر کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بارشوں کے دوران مختلف اقسام کے پرندوں کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے، اس لئے ایئر پورٹس کی حدود میں برڈ شوٹرز کی تعیناتی یقینی بنانے اور فیومیگیشن کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔