اسلام آباد:جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن سمندری طوفان کی شکل اختیار کرگیا ہے، جسے طوفان" تاکتے" کا نام دیا گیا ہے،پاکستان اور بھارت کی ساحلی پٹی پرتیز ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں، جن کی شدت 100کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہونے کا امکان ہے۔
جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن سمندری طوفان کی شکل اختیارکرگیا،ہواؤں کی رفتار 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 100کلومیٹرفی گھنٹہ تک ہونےکی پیش گوئی کردی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان"توکتے" کراچی کے جنوب اور جنوب مشرق سے 1460کلو میٹرکی دوری پر ہے، جس کا رخ شمال اورشمال مغرب یعنی بھارتی گجرات کی جانب رہے گااور 18مئی تکیہاں پہنچےگا۔
توکتےنامی سمندری طوفان کے نتیجے میں بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں اور پاکستانی سمندر کے قریب مشرق کی جانب ساحلی علاقوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
پچھلی 2دہائیوں میں اس طوفان کو پاک بھارت ساحلی پٹی سے ٹکرانے والا طاقت ور ترین طوفان قرار دیا جارہا ہے،تاہم ابھی تک پیشگوئیوں کے مطابق سمندری طوفان آبادی والے ساحلی علاقوں سے دور رہے گا لیکن مہاراشٹرا کا ساحلی شہر ممبئی اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔
سمندری طوفان کے پیش نظر ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا
بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے پیشِ نظر کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو شکار پر جانے سے روک دیا گیا ۔
ترجمان فشر فوک فورم کے مطابق گہرے سمندر میں پہلے سے موجود ماہی گیروں کو فوری واپسی بلانے کیلئے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ابھی بھی درجنوں لانچیں سمندر میں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گہرے سمندر میں موجود ماہی گیروں کی لانچوں سے صوتی رابطے کئے جا رہے ہیں، عید سے 5 روز قبل برف سے لدی درجنوں لانچیں شکار کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔
ترجمان فشر فوک فورم کا مزید کہنا ہے کہ ایک ماہ کیلئے شکار پر گئی لانچوں میں سے کچھ خطرے کے باعث جلدی لوٹ آئیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابراہیم حیدری، ریڑھی گوٹھ، ککا پیر اور کیماڑی کے ماہی گیروں نے شکار پر روانگی روک دی ہے۔
محکمہ موسمیات کا سمندری طوفان اور ہیٹ ویو سے متعلق ہائی الرٹ ،بلدیہ عظمیٰ کراچی بھی متحرک
محکمہ موسمیات کا سمندری طوفان اور ہیٹ ویو سے متعلق ہائی الرٹ جاری ہوتے ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی بھی متحرک ہوگئی ،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کے ایم سی کے تحت چلنے والے اسپتالوں ، پارکس ، فائربرگیڈ اور سٹی وارڈن کے محکمے کے افسران و ملازمین کو ہائی الرٹ کردیا ۔
کراچی میں موقع ہیٹ ویو اور سرمندری طوفان کے پیش نظر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں ایمرجنسی نافذ کردی،اسپتالوں میں ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف کی ڈیوٹیز کو سخت کر دیا گیا ۔
محکمہ فائربریگیڈ، ریسکیویونٹ، سٹی وارڈنز، محکمہ باغات اورمیونسپل سروس میں بھی 20 مئی تک ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی لعیق احمد کا کہنا ہے شہری ہیٹ ویو اورمتوقع سمندری طوفان کے پیش نظراحتیاطی تدابیر اختیار کریں ،اگلے 3دنوں میں کراچی کا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے ،شہری ان دنوں میں گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں ،متوقع سمندری طوفان کے باعث شہر میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے تیزہواؤں کے باعث چھتیں اڑنے ، سائن بورڈ گرنے ، کچی تعمیرات کے منہدم ہونے کا بھی خطرہ ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی لعیق احمد نے مزیدکہا کہ شہری ہیٹ ویو کے دنوں میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں دھوپ سے بچیں اورمتاثر ہونے کی صورت میں فوری اسپتال سے رجوع کریں ۔