Aaj Logo

شائع 13 مئ 2021 10:39am

وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دیدی۔

دوسری جانب لال حویلی راولپنڈی میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم نے شہبازشریف کا کیس ای سی ایل میں ڈالا ہے، کیونکہ آرٹیکل 25 کے تحت اس کیس میں سوائے شہباز شریف کے باقی تمام 14 ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل تھے اور شریف فیملی کے 5 افراد مفرور ہیں، رات کو ہم نے سمری کابینہ کو بھیجی تھی جو امید ہے آج سرکولیشن کے ذریعے منظور ہوچکی ہے۔

شیخ رشید نے کورونا کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ ہماری حکومت کا درست فیصلہ تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے، آج ہندوستان میں شمشان گھاٹ اور قبرستان ایک ہوچکے ہیں، ایک ایک دن میں 4 لاکھ کیس رپورٹ ہورہے ہیں، پاکستان پر اللہ کا رحم ہے، پاک فوج نے کورونا میں بہت کام کیا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی ظلم و ستم ہورہا ہے، کورونا کی وجہ سے ہم فلسطینیوں کے لیے باہر نہیں نکلے، کورونا کا مسئلہ نہ ہوتا تو نماز عید کے بعد فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف باہر نکلتے، ایک دن کشمیر اور فلسطین کو آزادی نصیب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب سے 1100 قیدی وطن واپس لارہے ہیں، ان قیدیوں کو پاکستان کی جیلوں میں رکھیں گے۔

Read Comments