وزیراعظم کے خصوصی نمائندے برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلاموفوبیا اور مسلم امہ سے متعلق دیگر مسائل کے حل کےلئے مشترکہ طور پر کام کرینگے۔
منگل کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے کے نتائج آئندہ دنوں میں سامنے آئیں گے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان معصوم اور غیرمسلح فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسرائیلی بربریت رکوانے کےلئے عالمی برادری سے تمام تر کوششیں کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو پرامن طور پر حل کروانے کےلئے ہر بین الاقوامی فورم پر مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز اٹھاتا رہے گا۔