Aaj Logo

شائع 05 مئ 2021 03:20pm

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کا وفاق کا طریقہ عقل سے باہر ہے،وزیراعلیٰ سندھ

اسلام آباد:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ میں تو اگست 2018 سے ہی گھبرا چکا ہوں، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا وفاق کا طریقہ بالکل عقل سے باہر ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں تو اگست 2018 سے ہی گھبرا چکا ہوں، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا وفاق کا طریقہ بالکل عقل سے باہر ہے، ایک وزیر نے ایس او پیز کو فالو کرنے کا گیج میٹر نکال لیا ہے، ہمیں بھی بتا دیں کیسے ناپتے ہیں، ہم بھی پھر کر لیتے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کی صورتحال کوئی زیادہ اچھی نہیں، کراچی سے 50بندوں کو پیشی کیلئے بلا لیا جاتا ہے، ایک چھوٹے سے کمرے میں 50بندے کھڑے ہیں تو یہ کورونا روکنے کا طریقہ نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ حلقہ این اے 249 میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ حیران کن تھا، گنتی کے دوران کوئی شکایت نہ تھی، الیکشن پراسیس میں اصلاحات کی ضرورت ہے،الیکٹرونک مشین کی باتیں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں، سیاسی بیانات سے آگے نہیں جائیں گے تو ترقی نہیں کریں گے۔

نوری آباد ریفرنس :وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ احتساب عدالت میں پیش

دوسری جانب نوری آباد ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ احتساب عدالت اسلام آبادمیں پیش ہوئے، تمام ملزمان نے عدالتی حکم پر حاضری یقینی بنانے کیلئے 2،2لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروا دیئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے نوری آباد پلانٹ غیر قانونی ٹھیکوں اور منی لانڈرنگ ریفرنس پرسماعت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ تمام ملزمان نے عدالتی حکم پر حاضری یقینی بنانے کیلئے 2،2 لاکھ روپے کے مچلکےعدالت میں جمع کروائے۔

ملزم محمد علی کے ناقابل وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع ہونے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔

مراد علی شاہ کے وکیل کی جانب سے مستقل حاضری سےاستثنیٰ کی دائر درخواست پر جج نےریمارکس دیئے کہ نیب کے جواب کے بعد درخواست پر بحث کرنا ہو گی ،کیس کی سماعت 8جون تک ملتوی کردی گئی۔

Read Comments