واٹس ایپ چیٹس میں اب تصاویر اور ویڈیوز مزید بڑی نظر آئیں گی ، واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کروا دیا ۔
واٹس ایپ کے ٹویٹر پر اعلان کے مطابق، اس فیچر کے تحت صارفین واٹس ایپ چیٹ کے دوران آدھی کی بجائے پوری تصویر اور ویڈیو دیکھ سکیں گے ۔ اس سے قبل تصویر یا ویڈیو موصول ہونے پر صارفین اس کا آدھا حصہ ہی دیکھ سکتے تھے ۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں پیغام رسانی کیلئے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ جلد ہی صارفین کی آسانی کیلئے ایک انتہائی دلچسپ اور بہترین سہولت متعارف کروانے جا رہی ہے ۔
واٹس ایپ کا استعمال کرنے والے متعدد صارفین وائس میسج کا فیچر استعمال کرتے ہیں جس سے ناصرف وقت بچتا ہے بلکہ پیغام موصول کرنے والا اسے صحیح طریقے سے سمجھ بھی پاتا ہے تاہم ایسے افراد کیلئے اب کمپنی کی جانب سے ایک دلچسپ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت صارف اب کسی بھی شخص کو وائس نوٹ بھیجنے سے قبل اسے سن سکے گا ۔
وائس میسج فیچر استعمال کرنے والے افراد بخوبی جانتے ہیں کہ ابھی ایسا کوئی آپشن موجود نہیں اور ریکارڈ کئے گئے آڈیو میسج میں اگر کوئی تبدیلی درکار ہوتی تو اسے ڈیلیٹ کرنا پڑتا اور بعض اوقات تو میسج بھیجنے کے بعد بھی ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا مگر اب ایسا نہیں ہو گا اور میسج ریکارڈ کرنے پر ’ریویو‘ کا آپشن بھی نظر آئے گا جسے دبانے سے ریکارڈ کیا گیا میسج سنا جا سکے گا ۔
اس فیچر کے ذریعے صارف اپنے میسج کا دوبارہ جائزہ لے سکے گا اور اگر وہ آڈیو مناسب نہیں یا اس میں کچھ تبدیلی کرنی ہو تو باآسانی اسے کینسل کرکے دوسرا میسج ریکارڈ کر سکے گا ۔ کمپنی نے اس فیچر پر کام شروع کر دیا ہے جسے ابتدائی طور پر بیٹا ورژن میں دیا جائے گا اور اس کے بعد ہی تمام اینڈرائڈ اور آئی فون یوزرز کیلئے بھی دستیاب ہو گا ۔