وزیراعظم عمران خان نے آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں ملکی معیشت، مہنگائی کو روکنے کےلئے حکمت عملی اور آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت سے تجاویز طلب کی گئیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقیاتی بجٹ ہوگاجس میں تمام تر توجہ شرح نمو میں اضافے پرہوگی۔کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی ہے تاہم حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ رواں ہے۔ کورونااور سمارٹ لاک ڈاؤن سے پہلے محصولات کی شرح پچھلے سال اپریل سے تقریباً دوگُنا ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائےاور ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔