اسلام آباد:احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد نیلامی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نےنوازشریف کی جائیدادنیلامی کی درخواست منظور کر تے ہوئے اشتہاری ملزم نوازشریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنرلاہوراورشیخوپورہ نواز شریف کی اراضی فروخت کرکے 60دن میں رپورٹ پیش کریں اورجائیدادیں نیلام کرکےرقم قومی خزانےمیں جمع کرائی جائے۔
عدالت نے کہا کہ نوازشریف کی گاڑیاں بھی 30دن کےاندرنیلام کی جائیں اورپولیس کی مدد سے گاڑیاں قبضےمیں لے کر بیچی جائیں۔
احتساب عدالت نے نوازشریف کےبینک اکاؤنٹس سے رقوم سرکاری خزانےمیں منتقل کرنے کا حکم دیتےہوئےکہا جس جس جائیدادپر اعتراض نہیں آیا نیلام کی جا سکے گی۔
عدالت نے ای ٹی او لاہور اور اسلام آباد کو نواز شریف کی 3 گاڑیاں اور 2 ٹریکٹر بھی فروخت کرنے کا حکم دیا اور ان کے 8 بینک اکاؤنٹس میں موجود رقوم قومی خزانے میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ احتساب عدالت نے چیئرمین ایس ای سی پی کو نواز شریف کی 4 کمپنیوں میں شیئرز فروخت کرنے کی ہدایت بھی کی جس سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔