پاکستان کے معروف بزنس مین جاوید آفریدی نے ایک ایسی الیکٹرک گاڑی متعارف کرانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جس کی قیمت 10 لاکھ روپے سے بھی کم ہوگی۔
اس بات کا دعویٰ انہوں نے کچھ روز قبل خود اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے کیا۔ جاوید آفریدی اس سے قبل ملک میں ایم جی کی گاڑیاں متعارف کروا چکے ہیں۔ وہ پاکستانیوں کو سستی ترین الیکٹرک گاڑیاں دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس سلسلے میں انہوں نے ٹویٹر پر چین کی ایک منی الیکٹرک کار کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وولنگ منی الیکٹرک وہیکل، پاکستانی مارکیٹ کے لیے اس کی قیمت 10 لاکھ روپے سے کم ہوگی، یہ گاڑی بلت جلد صارفین کیلئے پیش کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ وولنگ منی الیکٹرک وہیکل گاڑیاں چین کی سرکاری کمپنی سیاک موٹرز بناتی ہے۔ خبریں ہیں کہ امریکی کمپنی ٹیسلا کی مہنگی الیکٹرک گاڑیوں کو فروخت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق اس چینی گاڑی کی قیمت تقریباً آٹھ لاکھ روپے (4500 ڈالرز) ہے۔ اس گاڑی نے دیکھتے ہی دیکھتے ایسی مقبولیت حاصل کی کہ ٹیسلا گاڑی سے آگے نکل گئی ہے۔
اس حیرت انگیز گاڑی کو چین کی سرکاری کمپنی نے تیار کیا ہے۔ ایس اے آئی سی موٹرز کی یہ گاڑی ابھی فی الحال چھوٹے سائز میں ہی دستیاب ہے لیکن اسے صارفین بہت پسند کر رہے ہیں۔
اس گاڑی کو ہانگ گوانگ منی ای وی کا نام دیا گیا ہے۔ اس گاڑی کو امریکی کمپنی جنرل موٹرز کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ اس گاڑی کی فروخت ٹیسلا کے مقابلے میں دوگنا تھی۔ اس گاڑی کا عام ورژن ساڑھے چار ہزار جبکہ ایئر کنڈیشنر 5 ہزار ڈالرز میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
چینی کمپنی کی اس گاڑی کو گزشتہ سال ہی متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کی تیز ترین رفتار کی حد 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس میں ایک وقت میں بمشکل چار افراد بیٹھ سکتے ہیں۔