وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا 50 لاکھ گھروں کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے، پرائم منسٹر افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت صوبے کی 146 تحصیلوں میں 133 مقامات پر گھر بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرگودھا میں پرائم منسٹر افورڈ ایبل ہاوسنگ پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا میں 6 مقامات پر 3,3 مرلے کے 1175 گھرکم آمدن والے لوگوں کے لئے بنائے جائیں گے، ہر گھر کی مجموعی لاگت تقریباً 14 لاکھ روپے ہے۔ 3 مرلے کا پلاٹ صرف 30 ہزار روپے میں دیا گیا ہے جس کی مارکیٹ ویلیو لاکھوں میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ہر گھر کیلئے 3 لاکھ روپے سبسڈی اور کم سود پر قرضہ فراہم کرے گی۔ پنجاب بینک ہر گھر کی کنسٹرکشن کیلئے تقریباً 10لاکھ روپے قرض ماہانہ قسط 10ہزار روپے فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پراجیکٹ میں مسجد، پلے گراؤنڈ، سیوریج اور دیگر سہولتیں دی جائیں گی. کم آمدن والے لوگوں کیلئے گھر بنا کر ان کی دیکھ بھال بھی کی جائے گی۔
وزیراعلی نے کہا کہ ہم ”اپنا گھر اپنی چھت“ کے وعدے کی تکمیل کی جانب ٹھوس قدم بڑھا چکے ہیں۔ لاکھوں خاندان جلد اپنے گھر کے خواب کی تعبیر دیکھ سکیں گے۔
وزیر اعلی نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب کے تمام علاقوں میں بیشتر راستے کھل چکے ہیں۔ کسی کو بھی شہری یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہے ہیں. قانون توڑنے والوں اور امن و امان متاثر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔