کراچی کے مختلف مقامات پر مذہبی جماعت کی جانب سے دیئے گئے دھرنے ختم کرا دیئے گئے ،جس کے بعد پولیس نے دھرنوں کے مقامات سے رکاوٹیں ہٹاکر تمام سڑکوں پر ٹریفک بحال کروا دیا ۔
تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی )کے امیر سعد رضوی کی گرفتاری کیخلاف مذہبی جماعت کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں دیئے گئے احتجاجی دھرنے ختم کرواکر ٹریفک بحال کرادیا گیا ۔
کورنگی ڈھائی نمبر، بلدیہ ٹاؤن نمبر 4، اسٹار گیٹ، پاور ہاؤس سمیت نارتھ کراچی کے مختلف مقامات پر دیئے گئے احتجاجی دھرنے کے راستوں سے پولیس نے رکاوٹیں ہٹادیں ہیں جس کے بعد مذکورہ علاقوں میں صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔
رات گئے احتجاج کے دوران ناخوشگوار واقعات کے باعث فائرنگ سے5افرادجان جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 16 پولیس اہلکاروں سمیت 25سےزائد افرادزخمی ہوئے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں سے پولیس نے 35سے زائد افراد کو گرفتار اور اسلحہ برآمد کر کے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کا احتجاج جاری
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کا احتجاج جاری ہے، دھرنے کے باعث مختلف شاہراہیں بلاک اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہیں، پولیس اور مذہبی جماعت کے کارکنوں میں جھڑپوں سے کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کارکنان کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔
مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث لاہور میں کرول گھاٹی، شاہدرہ چوک، ایل ڈی اے چوک، خیابان چوک، چونگی امرسدھو اور سکیم موڑ سمیت سولہ مقامات پر سڑکیں بلاک ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیس اور مذہبی جماعت کے کارکنوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔
پتوکی میں نیشنل ہائی وے پر پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے، جھڑپ میں ڈی ایس پی اور 2 ایس ایچ اوز سمیت 10 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس اور رینجرز نے آپریشن کرکے دو روز سے بند جہلم دینہ روڈ بحال کرادی۔
سیالکوٹ کے علاقے حاجی پورہ میں رات گئے مذہبی جماعت کے کارکنوں نے مبینہ طور پر پولیس وین کو آگ لگادی،پتھراؤ سے 8سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے۔
کامونکی میں مختلف دفعات کے تحت 91نامزد اور 400نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔