پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنماؤں کو پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ ( پی ڈی ایم) کے واٹس ایپ گروپ سے نکال دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گروپ ایڈمن احسن اقبال نے یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اور اے این پی کے میاں افتخار کو واٹس ایپ گروپ سے نکال دیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کا استعفے بھیجنا افسوسناک ہے، ہم پھر بھی دونوں جماعتوں کو موقع دیتے ہیں اور آخری بار کہتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے کے تحت دونوں جماعتوں سے وضاحت طلب کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے سیاسی قد کاٹھ کا تقاضا تھا کہ باوقار انداز میں وضاحت کا جواب دیتے۔ دونوں پارٹیز وضاحت دینے کیلیے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے کا بھی تقاضا کرسکتی تھیں۔ پیپلزپارٹی اور اے این پی اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں، ہم آپ کی بات سننے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ تنظیمی اختلافات چوک پر لے جائیں، پیپلزپارٹی اور اے این پی پی ڈی ایم سے رجوع کریں، پی ڈی ایم عہدوں اور منصب کیلیے لڑنے کا فورم نہیں ہے۔