سی ٹی ڈی نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کہتے ہیں انتہائی مطلوب جاوید منگریو اور ممتاز سومرو کی گرفتاری سے ایس آر اے کے اس گروپ کا خاتمہ کردیا گیا۔ دہشتگرد افغانستان سے کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرتے تھے۔
عمر شاہد کے مطابق گروپ لیڈر اصغر شاہ افغانستان میں موجود ہے، دہشتگردوں نے اسٹاک ایکسچینج حملے کے لیے اسلحہ بھی فراہم کیا۔
ڈی آئی جی کے مطابق گرفتار ملزمان نے احساس پروگرام کے دفتر اور رینجرز پر متعدد حملے کیے۔انہوں نے کہا کہ چائنہ ٹاؤن کے مالک کی گاڑی پر آئی ڈی انہی دہشت گردوں نے لگائی تھی جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہیں۔ طارق روڈ سے گرفتار دہشت گرد ایس آر اے رکن اور کمانڈر نکلا۔
عمر شاہد نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق افغانستان کی کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے۔ گرفتاردہشت گرد حساس ادارے کے دفتر اور رینجرز پر حملے میں ملوث ہیں۔ ملزم ممتاز سومرو کو غیرملکی ریسٹورنٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا جو غیرملکی ریسٹورنٹ کے مالک کی گاڑی پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایس آر اے سربراہ اصغر شاہ نے ایک گروپ بنایا تھا اور افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کی میٹنگز ہوتی ہیں۔ یہ دہشت گرد افغانستان میں کارروائیوں کا منصوبہ بناتے ہیں۔ کالعدم تنظیم ایس آر اے کو فنڈنگ افغانستان سے ہوتی ہے۔