لاہور کے نواحی گاؤں کے ایک گھر میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکا ہوگیا، مکان زمین بوس ہونے سے 4بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئی،6زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، واقعےکے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔
برکی روڈ لاہور کے نواحی گاوں بھنگالی میں واقع ایک گھر میں صبح 5بج کر 45منٹ پر گیس بھر گئی اور جیسے ہی گھر میں آگ جلانے کی کوشش کی گئی تو اچانک زور دار دھماکا ہوا اوردیکھتے ہی دیکھتے پورا مکان زمین بوس ہوگیا۔
دو کنال کی اراضی پر رہائش پذیر 2بھائی اور انکا خاندان ملبے تلے دب گئے، علاقہ مکینوں اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اردگرد کے گھر بھی لرز اٹھے، اہل علاقہ خوفزدہ ہوگئے، کہتے ہیں خوف کا عالم بیان نہیں کیا جاسکتا۔
ملبے تلے دب کر 4بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ 10زخمیوں میں سے 4کو جائے وقوعہ پر فرسٹ ایڈ دی گئی جبکہ 3افراد میو اسپتال اور 3سروسز اسپتال زیرعلاج ہیں۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سال سے 8 سال کے درمیان تھیں، بچوں کی شناخت برہان، انوج، علی اور شیری کے نام سے ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے ریسکیو 1122 کو تباہ گھر کا ملبہ ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے تاہم رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گھر میں گیس بھر جانے کی وجہ سے دھماکا ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا برکی روڈ پر گیس دھماکے سے 4بچوں کی ہلاکت پر اظہارافسوس
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے برکی روڈ پر گھر میں گیس دھماکے سے 4بچوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے برکی روڈ گیس دھماکے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔
عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ مکان میں دھماکے کی وجوہات کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔