امریکا کی خاتون تاجر جینیفر آرکیوری نے دعویٰ کیا ہے کہ 2012 سے 2016 کے درمیان برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات قائم تھے۔
امریکا کی معروف بزنس وومن جینیفر آرکیوری نے برطانوی اخبار سنڈے مرر کو دئے گئےانٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی محبت میں مبتلا تھیں اور جب بورس لندن کے میئر تھے تب 2012 سے 2016 کے درمیان جنسی تعلق بھی رہا۔
جینیفر نے کہا وہ بورس جانسن سے بے انتہا محبت کرتی تھیں تاہم برطانوی وزیراعظم نے ہمارے تعلق کو کبھی ظاہر نہیں ہونے دیا، بلکہ وہ اتنے بزدل تھے کہ کبھی بھی تجارتی دورں کے دوران میرے ساتھ کسی صف میں بھی کھڑے نہیں ہوتے تھے۔
امریکی خاتون نے مزید کہا کہ بورس جانسن کے ساتھ رومانوی تعلق 2012 سے 2016 تک محیط رہا، تاہم برطانوی وزیراعظم کی بزدلی کے باعث مزید نہ چل سکا۔ برطانوی وزیراعظم کی جانب سے اس بیان پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن اس وقت برطانیہ کے با اثر ترین سیاست دانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیرئر کا آغاز 1993 میں کیا۔ 1994 میں قدامت پسند جماعت کی طرف سے یورپین پارلیمنٹ کا انتخاب اور پھر 1997 میں ویسٹ منسٹر سے ایم پی کا انتخاب ہارنے کے بعد وہ 2001 میں ایم پی منتخب ہو گئے۔ وہ اگلی مدت کے لیے 2005 میں دوبارہ ایم پی منتخب ہوئے۔ اس وقت کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے انہیں شیڈو ہائر ایجوکیشن منسٹر مقرر کیا۔
چھ ماہ بعد ہی انہیں اس منصب سے اس وقت ہٹا دیا گیا جب شادی شدہ ہونے کے باوجود انہوں نے ایک صحافی پیٹرونیلا ییٹ کے ساتھ معاشقے میں مبتلا ہوئے اور اسے چھپانے کی کوشش کی جبکہ اس کے علاوہ بھی وہ متعدد تنازعات کا شکار رہے۔