اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)نے صوبوں کو کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کردی جبکہ شرح اموات اورکیسزبڑھنے پرشدید تشویش کا اظہارکیا گیا۔
وفاقی وزیراسد عمرکی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی)کا مارننگ سیشن ہوا، شرکاء نے بڑھتی شرح اموات ، کورونا کیسز میں اضافے ،تیزی سے بڑھتی پازیٹوکیسزکی شرح اور ایس اوپیزکی خلاف ورزیوں پرشدید تشویش کا اظہارکیا ۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ ملک بھرمیں ماسک کے استعمال اورسماجی فاصلوں کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہورہیں ہیں ،ہیلتھ گائیڈ لائینزپرعمل درآمد کا جامع جائزہ لینے کی ضرورت ہے تمام بڑے شہروں میں مثبت کیسزکی شرح 5 فیصد جبکہ ملک بھر میں شرح 7.5 فیصد سے زائد ہوچکی ہے ۔
این سی او سی نے صوبائی حکومتوں کوضابطہ کار پرعمل درآمد یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کردی۔
این سی اوسی نے کہاکہ اگر شہریوں نے ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد نہ کیاتو کاروبار بند ،معاشی اورمعاشرتی سرگرمیوں پرپابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں ۔
این سی اوسی نے اتواراور قومی تعطیلات کے دوران ملک بھرمیں قائم ویکسی نشن سینٹرزبند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا کی تیسری لہرقاتل بن گئی،مثبت کیسز کی شرح 7.8 تک پہنچ گئی
اسلام آباد:کورونا کی تیسری لہرقاتل بن گئی ، مثبت کیسز کی شرح 7.8 تک پہنچ گئی، اسلام آباد ،ملتان لاہور اور بہاولپورسمیت دیگر شہروں میں وینٹی لیٹر پر مریض بڑھ رہے ہیں ۔
کورونا کی تیسری لہر کے باعث خطرہ روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہاہے،یومیہ اعداد وشمار میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ملک میں کورونا کی یومیہ تعداد سینکڑوں سے ایک بارپھر ہزاروں میں پہنچ گئی ، اس وقت ملک میں وینٹی لیٹر پر بھی مریضوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اسپتالوں پر مریضوں کے دباؤ میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
اسلام آباد 46 فیصد، ملتان 41 فیصد، لاہور37 جبکہ بہاولپور میں 27 فیصد وینٹی لیٹر پر مریض موجود ہیں جبکہ گجرات 67،پشاور51 ، اسلام آباد43 اور ملتان میں 31 فیصد آکسیجن بیڈ پر مریض موجود ہیں ۔
وفاقی وزیراسد عمرنے اپنے ٹویٹ میں تسلیم کیاکہ نئی لہر تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے، کیسز اور اموات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مثبت کیسز کے ساتھ ساتھ تشویش ناک مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
اسد عمرنے خبردار کیا کہ اگر شہریوں نے احتیاط نہ کی تو سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔