Aaj Logo

شائع 15 مارچ 2021 11:41pm

رمضان کیلئے سبسڈی کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 7 ارب کے رمضان پیکج کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں کہ صوبے میں 313 رمضان بازار لگائے جائیں گے، 10 کلو آٹے کا تھیلا 300 اور چینی 60 روپے کلو ملے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی اور اصلاحات کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان میں عوام کو پھل، سبزیاں، دال چنا، بیسن، کھجور اور دیگر اشیاء 2018 کے ریٹ کے مطابق ملیں گی۔ گھی، چکن اور انڈے مارکیٹ سے 10 سے 15 روپے کم قیمت پر فراہم کریں گے، رمضان بازاروں کا آغاز 25 شعبان سے کیا جائے گا اور سہولت بازاروں کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جائے گا۔ بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے حکام کو رواں ماہ کے اختتام تک مزید 700 دیہی مراکز مال فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں برس کے آخر تک پورے صوبے میں 8000 دیہی مراکز مال فعال کر دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے تاجر برادری سے بھی عوام کی زندگیوں کو مقدم رکھنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کر دی جائیں گی۔

Read Comments