Aaj Logo

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2021 11:52am

عثمان بزدار کی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے، متعلقہ حکام نئے ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں ،عوام کی زندگیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہےجبکہ بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا کام مزید تیز کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ بازاروں اور مارکیٹوں کی بندش سے متعلق مقررہ اوقات کی پابندیوں پر عملدرآمد کرائے،کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باعث ضروری اقدامات اٹھائے ہیں ،تاجر برادری عوام کی زندگیوں کو مقدم رکھے،صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جاسکتی ہیں۔

عثمان بزدار کا مزیدکہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث مریضوں کے ساتھ اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔

محکمہ صحت پنجاب کی پابندیوں پر عمل شروع،تعلیمی ادارے بند

پنجاب میں محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کی پابندیوں پر عمل شروع ہوگیا،تعلیمی ادارے بند ہوگئے، مارکیٹوں کے اوقات کار پر بھی آج سے عمل کروایا جائے گا مگر شہری ان پابندیوں سے پریشان اور حکومت سے سخت نالاں ہیں۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر تیزی سے پھیلنا شروع ہوئی تو محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے پابندیوں کے احکامات دئیے۔

سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند ہوگئے مگر اداروں میں 50فیصد اسٹاف پر ابھی عمل نہیں کیا جاسکا اور احتیاطی تدابیر میں بھی غیر سنجیدگی نظر آرہی ہے۔

وائرس سے بچاؤ کیلئے لگائی گئی پابندیوں پر شہری پریشان ہیں،کہتے ہیں پرانے لاک ڈاؤن سے بڑی مشکل سے تھوڑے سنبھلے تھے اب پھر پابندیاں فاقوں پر لے جائیں گی۔

مارکیٹوں اور پارکس کی 6بجے بندش کے فیصلے پر عملدرآمد ضلعی انتظامیہ کیلئے بڑا چیلنج ہوگا،پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے ایک لاکھ پچاسی ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

Read Comments