حکومت نے پٹرول بم تیار کر لیا.کل عوام پر گرا کر تجربہ کئے جانے کا امکان ہے۔پیٹرول پانچ روپے اور ڈیزل چھ روپے لیٹرمہنگا کیا جائے،اوگرا نے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوا دی۔
کل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ہے۔
اوگرا کی جانب سےارسال کی گئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے فی لیٹراضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل اورلائٹ ڈیزل کی قیمت میں چھ، چھ روپے فی لیٹر،مٹی کا تیل ساڑھے چار روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کرے گی۔
واضح رہے کہ اوگرا نے گزشتہ ماہ بھی وزارت پیٹرولیم کو پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 7 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 61 پیسے اضافے کی سمری بھجوائی تھی۔
تاہم مارچ کے آغاز میں وزیراعظم نے قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی تھی۔