اسلام آباد:سینٹ انتخابات میں ضمیر فروشی کے مرتکب افراد کیخلاف تحریک انصاف نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے جماعتی حکمتِ عملی سے روگردانی کرنے والے 2 اراکین سندھ اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا جبکہ اسلم ابڑو اور شہریار خان شر کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کر دی گئی۔
تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے متفقہ فیصلہ جاری کیا ہے،جس کے مطابق سینٹ انتخابات کے دوران اسلم ابڑو اور شہریار شر نے جماعتی احکامات سے روگردانی کی۔
دونوں اراکین سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا جبکہ واضح اور حتمی شواہد کی پڑتال اور ملزمان کی جانب سے صفائی پیش نہ کئے جانے پر معاملہ نمٹایا گیا۔
کمیٹی نے اراکین سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار خان شر کو پارٹی سے نکالنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔
تحریک انصاف کی قیادت کو دونوں اراکین کیخلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ دونوں اراکینِ سندھ اسمبلی سے اسمبلی رکنیت بھی واپس لی جائے، فیصلے کیخلاف دونوں اراکین 7 یوم میں اپیل دائر کرنے کے مجاز ہیں۔