اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے نومنتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کیخلاف کل پھردرخواست دائرکرنے کا اعلان کردیا ۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کی رہنما ءملیکہ بخاری نے کہا کہ مزید مواد شامل کر کے کل پھر درخواست جمع کرائیں گے ،الیکشن کمیشن ہمیں اسی پیرائے پر پرکھے جو ڈسکہ الیکشن میں قائم کئے گئے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ایسا کون سا قانون ہے جس کے تحت کوئی رکن پارلیمنٹ کامیابی کیلئے لوگوں کا ضمیر خریدے؟ قوم کی نظریں انصاف کیلئے الیکشن کمیشن پر لگی ہوئی ہیں۔
کنول شوزب نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا اقرارکرچکا ہے کہ وہ اپنے والد کیلئے ووٹ خرید رہا تھا ،مریم نوازسرعام کہہ چکی ہیں کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہیں ان کی جماعت کے ٹکٹ چلے ہیں ۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن اس سارے معاملے کا خود بھی نوٹس لے سکتا تھا ۔