اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی کم کرنا چاہتے ہیں،غریب کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری ہے،اس کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت مستحق اور غریب افراد کو غذا ءاور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری میں سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس ہوا، مجوزہ احساس فوڈ سٹیمپ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی، پروگرام سے استفادہ پانے والے خاندانوں اور افراد کے اعدادو شمار اور ابتدائی تخمینے پیش کےی گئے۔
وزیرِ اعظم نے مجوزہ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے،ہر ممکنہ کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے،غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے ،ہمیں اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس ہے،اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئےہر حد تک جائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومتی سبسڈی کا شفاف اور مؤثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے پروگرام کے اجرا کیلئے طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔
غریب اورمستحق افرادکی کفالت اولین ترجیح ہے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب اورمستحق افرادکی کفالت اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے سینیٹرفیصل جاوید اورسینیٹرذیشان خانزادہ کی ملاقات ہوئی،جس میں پناہ گاہوں کے دائرہ کار میں توسیع کے حوالے سے گفتگوہوئی۔
ملاقات میں "کوئی بھوکا نہ سوئے" پروگرام پرعملدرآمد سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ غریب اورمستحق افرادکی کفالت اولین ترجیح ہے، حکومت انفرادی اور اداروں کی سطح پرتمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تعاون سے مستحقین کی مدد کیلئے کوشاں ہے ۔