اسلام آباد:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی،وزیراعلیٰ کے اراکین قومی اسمبلی سے مسلسل رابطے جاری ہیں ،گزشتہ رات اراکین اسمبلی کو عشائیہ دیا، آج قومی اسمبلی کے اراکین کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد پہنچے تھے،وزیر اعظم نے وزیراعلی پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے اہم ٹاسک سونپ رکھا ہے۔
عثمان بزدار آج دوپہر پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے اور اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب ایک ہیں، پیسے کی بدولت ایک سیٹ جیت کر واویلا مچانے والوں کی سیاسی، اخلاقی اور جمہوری ساکھ ختم ہوچکی ہے،اراکین قومی اسمبلی وزیر اعظم عمران خان پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔
عثمان بزدار نے مزیدکہا کہ اڑھائی برس میں ہماری حکومت کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں،پی ڈی ایم ملکی مفادات کی مخالف سمت چل رہی ہے،قوم اور منتخب نمائندے کپتان کے ساتھ ہیں اورساتھ رہیں گے۔