اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہے، پنجاب میں افہام و تفہیم سے سینیٹ کی نشستوں کا معاملہ حل ہونا خوش آئند ہے،اپوزیشن پیسہ بھی لگائے گی لالچ بھی دے گی مگر اسلام آباد کا معرکہ حفیظ شیخ ہی جیتیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں سینیٹ انتخابات سے متعلق سرگرمیاں جاری ہیں جہاں وہ حکومتی اور اتحادی اراکین قومی اسمبلی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، وزیر خزانہ حفیظ شیخ سمیت حکومتی اور اتحادی اراکین قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور حفیظ شیخ نے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتوں اور ان کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے تمام اراکین کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں، اسی لئے شفاف انتخابات کیلئے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا، ہمارے اراکین کو خط لکھے جارہے ہیں رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں، کرپٹ ٹولا یہاں آبیٹھا ہے ان کی کرپشن کی داستانیں عوام جانتے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزیدکہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح عام آدمی اور پسماندہ علاقے ہیں، پہلی مرتبہ پسماندہ علاقوں کو زیادہ ترقیاتی منصوبے دیے جارہے ہیں،عوامی نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی مسائل حل کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے بھی خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ملاقات کی، جس میں سینیٹ انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم سے ممبران اسمبلی سردار طالب حسین نکئی، راحت امان اللہ بھٹی، ملک کرامت علی کھوکھر،ملک محمد عامر ڈوگر اور دیگر بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
وزیراعظم عمران خان اراکین کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کیلئے پنجاب حکومت اپنے وسائل سے فنڈز دے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 2دن سے اسلام آباد میں ہیں۔