اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پرمن وعن عمل کرنے کا فیصلہ کرتےہوئے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات ماضی کے طریقہ کارکے تحت ہوں گے،بیلٹنگ خفیہ ہوگی،انتخابات منصفانہ اورشفاف بنائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیرصدارتالیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے کے حوالے سے غور کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنرکی زیرصدارت ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ،جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وقت کی کمی کے باعث آئین وقانون کے تحت ماضی کے طریقہ کار کے تحت سینیٹ انتخابات کروائے جائیں گے،سپریم کورٹ کی رائے پرمن وعن عمل کیا جائے گا، سپریم کورٹ رائے میں کہہ چکا آرٹیکل 218 تین کے تحت انتخابات کوشفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،انتخابات منصفانہ اورشفاف بنانے کیلئے میکنزم بھی بنایا جائے گا، الیکشن کمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا۔
اعلامیہ میں بتایا گیاکہ ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے 3رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے سربراہی اسپیشل سیکرٹری کریں گے ، کمیٹی سینیٹ الیکشن میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر 4 ہفتے میں اپنی سفارشات مرتب کرے گی جبکہ کمیٹی نادرا، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور متعلقہ افراد سے معاونت لے سکتی ہے۔