وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے عوامی انداز، جہلم میں دشوارگزار راستوں پر کئی کلومیٹر پیدل سفر کیا۔ چشمے سے منہ ہاتھ دھویا اور پانی بھی پیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جہلم کے سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اسلام آباد میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بھی وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کی۔
سردار عثمان بزدارنے جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی علاقے نندنہ کا تفصیلی دورہ کیا۔
عثمان بزدارنے نندنہ کے دور دراز علاقوں پیدل سفر کیا اور وہاں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے ایک مقام پر چشمے کے بہتے پانی سے منہ دھویا اور حکام کے منع کرنے کے باوجود چشمے کا پانی پیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ زندگی بھر پہاڑی چشموں کا پانی پینے میں جھجک محسوس نہیں کی۔ انہوں نے نندنہ کے تاریخی علاقے، باغاں والا گاؤں کو ماڈرن ویلج بنانے اور علاقے میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کا اعلان کیا۔
اسلام آباد میں عثمان بزدار نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پنجاب میں سینٹ کے امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب خوش آئند ہے۔