اسلام آباد:سینیٹ انتخابات کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم عمران خان بھی پارٹی سینیٹرز کی کامیابی کیلئے متحرک ہوگئے ،وزیراعظم آج پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔
سینیٹ انتخابات 2021 کا بڑا معرکہ 3 مارچ کو لگنے جا رہا ہے، ایوان بالا کے انتخابات میں کامیابی کیلئے جہاں دیگر جماعتیں متحرک ہیں وہیں وزیراعظم عمران خان بھی میدان میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے ،وزیراعظم اپنے چیمبر میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان 3 مارچ تک اپنے چیمبر میں سرگرم رہیں گے، وہ ارکان پارلیمنٹ سے تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سینیٹ انتخابات تک اپنے چیمبر میں مصروفیات جاری رکھیں گے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج ، 23 نکاتی ایجنڈا جاری
قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے ہوگا، اجلاس کلئےر 23 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس2021 ایوان میں پیش کریں گے جبکہ اشیا ءخورونوش، بجلی، گیس اورپیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سمیت بڑھتی مہنگائی پر بھی بحث ہوگی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں مشیر پارلیمانی امور کی طرف سے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ آرڈیننس 2020کی مدت میں 120 دن اضافے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔
پی اے ایف ایئروار کالج انسٹیٹیوٹ آرڈیننس2021 اور بجٹ ریونیو ششماہی رپورٹ بھی ایوان کے سامنے پیش کی جائے گی۔
کراچی کے نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش بارے توجہ دلاو نوٹس ایجنڈے میں شامل ہے۔
چھبیسویں آئینی ترمیم پر مزید کارروائی اور علیحدہ سے ترامیم بھی ایجنڈے کا حصہ ، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ترمیمی بل اور این ایف سی ایوارڈ عملدرآمد ششماہی رپورٹ پیش کی جائے گی۔