وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دو سال قبل آج ہی کے روز ہم نے وقت اور جگہ کا انتخاب کر کے بطور قوم بھارت کو بھرپور جواب دیا۔
27 فروری 2019 کو پاکستانی فورسز نے بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو حراست میں بھی لے لیا تھا۔
اسی دن کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوجی مہم جوئی کے خلاف جوابی کارروائی کے 2 سال پورے ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور قابل فخر اور پرُ اعتماد قوم ہم نے وقت اور مقام کا انتخاب کر کے بھرپور جواب دیا، بھارت کا پکڑا گیا پائلٹ واپس کر کے بھارتی غیر ذمہ دارانہ فوجی اقدام پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ امن کے لیے کام کرتے ہیں اور تمام مسائل کو ڈائیلاگ سے حل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
عمران خان نے پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے کے حوالے سے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہوں، لیکن مزید پیشرفت کے لیے سازگار ماحول بنانے کی ذمہ داری بھارت پر ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں کے استصواب رائے کا مطالبہ پورا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔