ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 36 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 332 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 86 لاکھ44 ہزار 847 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 340 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 69 ہزار 846 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ55 ہزار 430 ، پنجاب میں ایک لاکھ 66 ہزار 777، خیبر پختونخوا میں 70 ہزار 716، اسلام آباد میں 43 ہزار 282، بلوچستان میں 18 ہزار 972، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 718 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 951 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد24ہزار 081 ہے۔ جب کہ ایک ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 36 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 12 ہزار 563 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 362 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 33 ہزار 202 ہوگئی ہے۔