اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ قیمت کنٹرول کرے،غفلت کے مرتکب افسران کیخلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پھل اور سبزی کی منڈیوں کی تعداد میں اضافے اور گندم سے آٹے کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی وزرا، سیکرٹری اور چیف سیکرٹری سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری سطح پر گندم کی خریداری اور ترسیل و سٹوریج کے ضمن میں انتظامی اخراجات میں کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان وزیرِ خزانہ کو ایک ہفتے میں پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں فروٹ اور سبزی منڈیوں کے قیام میں نجی شعبے کو شامل کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہوئے۔
پنجاب میں منڈیوں کے قیام سے متعلقہ قوانین میں نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے،وزیرِ اعظم نے قوانین اور طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے انتظامیہ کو اشیائے ضروریہ کے مقرر کردہ نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب افسران کیخلاف کارروائی یقینی بنائی جائے ،افسران کو غریبوں کی تکالیف کا احساس کرنا ہوگا۔