اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملے کے کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے گرفتار وکلاء کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ وکلا ءکی ہڑتال آج بھی جاری ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہنگامہ آرائی اور چیف جسٹس اطہر من اللہ بلاک پر قبضے کے کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں ہوئی۔
پولیس نے گرفتار وکلاء ظفر علی وڑائچ، نوید ملک، شیخ شعیب اور نازیہ بی بی کو جج انسداد دہشتگردی عدالت کے روبرو پیش کیا ۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے گرفتار ملزمان وکلاء کاجوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔
دوسری جانب آج چوتھے روز بھی عدالت عالیہ میں سیکیورٹی انتہائی سخت ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کی تمام عدالتوں کے باہر رینجرز اور پولیس کے دستے تعینات ہیں، صرف متعلقہ افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی کال پر وکلاءکی جزوی ہڑتال کی جا رہی ہے۔