اسلام آباد:ایوان بالا کے الیکشن شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن متحرک ہوگیا، سینیٹ انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سخت اسکروٹنی کا فیصلہ کر لیا۔
سینیٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سخت اسکروٹنی کا فیصلہ کیا ہے ،امیدواروں کے کوائف کی جانچ پڑتال کیلئے نادرا،نیب، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک سے مدد لی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن نے چیئرمین نیب، نادرا، ایف بی آر ، اسٹیٹ بینک اور وزارت داخلہ کو خطوط ارسال کئے ہیں۔
جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے متعلقہ اداروں کو سینیٹ انتخابات کے امیداروں کے کوائف کی جانچ پڑتال کیلئے فوکل پرسنز نامزد کرنے کا کہاگیا ہے، متعلقہ ادارے امیداروں کے کوائف کی تفصیلات تمام ریٹرننگ افسران کو مہیا کریں گے۔
امیدواروں کے کوائف کی جانچ پڑتال نادرا،نیب،ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک سے کی جائے گی، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ڈیجیٹل سہولت سینٹر قائم کر دیا گیا۔