ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باؤلر ایزرا موزلی ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ آنجہانی کی عمر 63 سال تھی۔ ایزرا موزلی سائیکل چلا رہے تھے کہ اچانک ایک نوجوان نے تیز رفتاری سے کار چلاتے ہوئے انھیں کچل دیا۔
ایزرا موزلی نے 1990ء میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی تھی۔ انہیں برطانیہ کیخلاف ہوم سیریز میں ٹیسٹ کیپ سے نوازا گیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ایزرا موزلی کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔
سابق ویسٹ انڈین کپتان جمی ایڈیمس کی جانب سے جاری بیان میں ایزرا موزلی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آنجہانی کا شمار ہمارے ملک کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ ان کی اچانک موت سے دنیائے کرکٹ ایک عظیم باؤلر سے محروم ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ ایزرا موزلی نے 1990ء میں برطانوی ٹیم کیخلاف ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے 1991ء تک 9 انٹرنیشنل ون ڈے میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔ آنجہانی ایزرا موزلی نے اپنے کرکٹ کیریئر کی ابتدا مقامی سطح پر بارباڈوس کیساتھ کیا تھا، اس کے بعد وہ برطانیہ میں گلے مورگن ٹیم کا بھی حصہ رہے۔
ایزرا موزلی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ اس ویسٹ انڈین ویمن ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ تھے جس نے 2016ء میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔