کراچی میں شہریوں کو لوٹنے کے ایک اور نئے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے، شاہ فیصل کالونی میں سینما کی رفاعی زمین پر بغیرمنظوری لئے کثیرالمنزلہ تجارتی منصوبہ متعارف کرادیا گیا ہے۔
مالِ مفت، دلِ بےرحم کے مصداق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سرکاری سرپرستی میں مختلف شکلوں سے قبضے جاری ہیں۔
ایک طرف تجاوزات اور رفاعی پلاٹوں کو واگزار کروانے کیلئے پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ کے احکامات ہیں، تو دوسری طرف رفاعی پلاٹوں پر تجارتی منصوبے متعارف کروائے جارہے ہیں۔
شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں رفاعی پلاٹ پر ایک بڑا تجارتی منصوبہ متعارف کروا دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ماسٹر پلان وقار میمن کے مطابق سینما کا پلاٹ رفاعی مقاصد کیلئے ہے، زمین کی حیثیت تبدیل کرنے پر پابندی ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کی منظوری کے بغیر ہی سائٹ آفس کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔