پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کو جیل میں طبیعت خراب ہونے پر انمول اسپتال لاہور منتقل کیا گیا، پیٹ اسکین سمیت مختلف طبی ٹیسٹ کئے گئے، میڈیکل رپورٹس آنے کے بعد شہباز شریف کے علاج بارے فیصلہ کیا جائے گا۔
کوٹ لکھپت جیل میں قید قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد انہیں چیک اپ کیلئے کوٹ لکھپٹ جیل سے سخت سیکیورٹی میں انمول اسپتال منتقل کیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق عدالتی حکم پر بنائے گئے سپیشل میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کا پیٹ سکین اور دیگر طبی ٹیسٹ تجویز کئے، جس پر اپوزیشن لیڈر کو انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ انکالوجی منتقل کیا گیا۔
شہباز شریف ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت تک اسپتال میں موجود رہے جہاں ان کا طبی معائنہ اور ٹیسٹ کئے گئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے ذاتی معالجین بھی اسپتال میں موجود تھے جنہیں عدالتی حکم پر اسپیشل میڈیکل بورڈ میں شامل کیا گیا تھا،ان کے طبی ٹیسٹوں کی رپورٹ آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں میں آ جائی گی جس کے بعد انہیں علاج کیلئے کسی اسپتال میں داخل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ٹیسٹوں کے بعد شہباز شریف کو سخت سیکیورٹی میں واپس سنٹرل جیل کوٹ لکھپت منتقل کر دیا گیا۔