اسلام آباد:احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو(نیب)کوڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کیلئے 2ہفتے کی مہلت دے دی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل چیئرمین سلیم مانڈوی والا کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی ، ملزمان کی جانب سے قاسم عباسی نے وکالت نامہ جمع کرایا ،نیب کے تفتیشی افسرمدثربھٹی عدالت میں پیش ہوئے ۔
جج کے پوچھنے پروکیل نے بتایا کہ ملزم اعجازہارون نے ہائیکورٹ سے ضمانت لی ہوئی ہے ۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب سے پوچھا کہ کیا یہ مکمل ریفرنس ہے ؟یا ضمنی ریفرنس بھی دائرکرنا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ یہ مرکزی ریفرنس ہے ضرورت پڑنے پرضمنی ریفرنس دائرکیا جائے گا ۔
عدالت نے نیب کو 2ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائرکرنے کی ہدایت کردی اور سماعت 18 فروری تک ملتوی کردی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن پی ڈی ایم کا فورم قائم رہے گا ،سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ کا فیصلہ پارلیمنٹ سے ہوگا ۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب ریفرنس نجی ٹرانزیکشن کا ہے دونوں فریق راضی ہیں کوئی شکایت کندہ نہیں۔