Aaj Logo

شائع 02 فروری 2021 12:08pm

لوگوں کو ریلیف دینے کے بجائے وزیر اعظم ٹیلی فون پر لگے ہیں،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد:سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ یہ وہ نیب ہے جس پر خود کرپشن کے چارجز ہیں، لوگوں کو ریلیف دینے کے بجائے وزیر اعظم ٹیلی فون پر لگے ہیں،پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں کتے بھی پولیس کے پروٹوکول میں سیر کرنے جاتے ہیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں نیب کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 3 سال میں نیب کو نواز شریف کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملے، پتہ نہیں کون سی ایسی چیز ہے جس وجہ سے اپوزیشن کیخلاف کیسز بنائے جا رہے ہیں۔

شاہدخاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو ریلیف دینے کے بجائے وزیر اعظم ٹیلی فون پر لگے ہیں، 4 گھنٹے لگا کر وزیراعظم نے خود ایڈیٹنگ کر کے 1 گھنٹہ عوام کا وقت ضائع کر دیا،پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں کتے بھی پولیس کے پروٹوکول میں سیر کرنے جاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پٹرول کی قیمت عالمی منڈی کے حساب سے 70 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئے، بجلی کا 30 روپے یونٹ لیا جا رہا ہے،ایک عام آدمی کیسے زندگی گزارے؟ ۔

Read Comments