مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے لکھن پور میں دیر شام بھارتی فوج کا دھروو ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا ہے۔
اب تک ملی اطلاعات کے مطابق، اس حادثے میں شدید زخمی بھارتی فوج کے 2 پائلٹوں میں سے ایک ہلاک ہوگیا ہے، جبکہ دوسرے پائلٹ کا علاج بیس اسپتال میں جاری ہے۔
حادثے کے کچھ ہی دیر بعد دونوں پائلٹوں کو علاج کے لئے نزدیکی بیس اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ایک پائلٹ نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
ایس ایس پی کٹھوعہ شیلندر مشرا نے بھی اس حادثہ کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، جموں خطے میں کٹھوعہ ضلع کے لکھن پور علاقے میں جموں وکشمیر- پنجاب سرحد کے پاس فوج کا ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوا ہے۔
٭ ایمرجنسی لینڈنگ میں ہوا حادثہ
کٹھوعہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی)، شیلندر مشرا نے بتایا کہ پٹھان کوٹ سے آنے والا ہیلی کاپٹر ضلع کے لکھن پور پٹی میں واقع فوجی علاقے میں ہنگامی صورتحال میں لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں دو ہیلی کاپٹر پائلٹ زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں آرمی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ دفاعی ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفصیلی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔