وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں گندم،چینی اور خوردنی تیل کی ایک ہفتےکےدوران قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔سیکریٹری خزانہ نے ہفتہ وار حساس اشاریوں کے انڈیکس پر اجلاس کو بریفنگ دی دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم، آٹا، سبزیوں اور انڈوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔آٹھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے ہفتہ وار قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے۔
کمیٹی کو ملک میں گندم کے ذخائر پر سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کی بلاتعطل سپلائی سے مارکیٹ میں آٹے کی قیمتیں مسلسل کم ہوئی ہیں۔صوبائی حکومتوں کی یومیہ گندم کی سپلائی تسلی بخش رہی ہے۔
وزیرخزانہ نے وفاق اور صوبوں کو گندم کی مارکیٹ میں سپلائی کےلئے مشترکہ کوششوں کو سراہا ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے کمیٹی کو عالمی مارکیٹ میں پام آئل اور سویابین کی قیمتوں میں کمی کے رحجان سے آگاہ کیا ہے۔