مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر راناثنا اللہ کہتے ہیں کہ اے این ایف میں ان کے کیخلاف جعلی اور جھوٹا مقدمہ سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیا۔ پونے دوسالوں میں بھی مخالفین گواہوں کے بیانات کی کاپیاں تک نہیں دے سکے۔
لاہور کی مقامی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللی نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا پیسہ ملک کیخلاف استعمال کیا گیا۔ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کا اعتراف بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب یوم حساب کو وقت آیا چاہتا ہے۔ جعلی حکمرانوں کیخلاف ملک کو نقصان پر مقدمات چلائے جائیں گے۔
قبل ازیں، منشیات اسمگلنگ کیس میں لیگی رہنما رانا ثنا اللہ پر فرد جرم عاٸد کرنے کی کاررواٸی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو بیانات کی صاف نقول فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد منشیات عدالت لاہور کے جج شاکر حسین نے کیس پر سماعت کی۔ لیگی رہنما رانا ثنا اللہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
عدالت نے حکم دیا کہ ریکارڈ شدہ بیانات کی نقول ملزم کے وکیل کے حوالے کر دیں۔ اے این ایف نے 20 افراد کے بیانات کی نقول رانا ثناءاللہ کے وکیل کے حوالے کر دیں۔
رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ بیانات کی نقول پڑھنے کے قابل نہیں ہیں۔ عدالت نے ملزمان کو بیانات کی صاف کاپیاں دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نقول دیں جو پڑھی جاسکیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت چار جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آٸندہ سماعت پر فرد جرم کی کاررواٸی مؤخر کی جاتی ہے۔
رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کے سیلری اکاؤنٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست پر حکم جاری کر دیں۔ عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر اس پر بھی فیصلہ کردیں گے۔