Aaj Logo

شائع 20 جنوری 2021 12:05pm

نیب تحقیقات بند کرنے کی یقین دہانی پر چوہدری برادران کی درخواست نمٹادی گئی

لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کیخلاف تحقیقات بند کرنے کی یقین دہانی پر چوہدری برادران کی درخواست نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے چوہدری شجاعت اور پرویز الہی کی درخواست پر سماعت کی،عدالتی حکم پر ڈی جی نیب نے رپورٹ پیش کی۔

چوہدری برادران کے وکیل نے عدالت کو بتایا گیا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنے والا ادارہ ہے، نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بهی دے چکی ہیں، چیئرمین نیب کو 20 سال پرانی اور بند کی جانےوالی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اختیار نہیں، نیب تفتیش نامعلوم افراد کی درخواست پر شروع کی گئی، شواہد کے حصول کیلئے درخواست گزاروں کے گھروں کی تلاشی بھی لی گئی مگر کچھ نہ ملا۔

نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چوہدری برادران کیخلاف تحقیقات بند کر دی ہیں، اب ان کیخلاف نیب کوئی تحقیقات نہیں کر رہا۔

عدالت نے نیب وکیل کے بیان پر چوہدری برادران کی جانب سے دائر درخواست نمٹا دی۔

Read Comments