پشاور:خیبر پختونخوا میں شوگر مافیا کو لگام ڈالنے کا فیصلہ کرلیا گیا،صوبائی اسمبلی نے شوگر فیکٹری کنٹرول ترمیمی بل کی منظوری دے دی، جرم ناقابل ضمانت اور 50لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق احمدغنی کی زیرصدارت ایک گھنٹہ تاخیر سےشروع ہوا جس میں ایوان نے شوگرفیکٹری کنٹرول ترمیمی بل متفقہ طورپر منظورکرلیا۔
بل کے تحت زمینداراور شوگر ملز مالکان کے درمیان رقوم کا تبادلہ بینک کے ذریعے ہوگا اور ترمیمی بل نہ ماننے پرشوگر مل مالک کو 3سال قید اور 50 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا، قانون کی خلاف ورزی کرنے پر جرم نا قابل ضمانت ہوگا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ زمینداراور شوگر ملز مالکان کےدرمیان رقوم کا تبادلہ بینک کے ذریعے ہوگا اور مقررہ مدت میں زمیندار کوعدم ادائیگی پرشوگرکین کمشنر شوگرملز مالک سے رقم وصولی کا مجاز ہوگا۔
ایوان میں خیبرپختونخوا ٹرسٹ ترمیمی بل بھی پیش کیا گیا، بعض مالیاتی قوانین میں ترامیم سے متعلق بل اور انسداد منشیات ترمیمی بل بھی ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
اسپیکر نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 25 جنوری دن 2 بجے تک ملتوی کردیا۔