لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کی چھٹی کا معاملہ وقتی طور پر ٹل گیا۔ کرکٹ کمیٹی نے ٹیم پرفارمنس پر عدم اطمینان کا اظہار لیکن 2 کوچز کو ایڈوانٹیج دے دیا۔ کمیٹی کے سربراہ سلیم یوسف کہتے ہیں جنوبی افریقہ سیریز کے بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
کورونا اور نا تجربہ کاری کی وجہ سے کارکردگی پر فرق پڑا، کرکٹ کمیٹی نے عدم اطمینان کا اظہار تو کیا لیکن مصباح اور وقار کو ایک اور موقع مل گیا۔
لاہور میں کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں کوچز پر سوالات کی بوچھاڑ کی گئی۔ مصباح اور وقار نے صفائیاں دیں تو کمیٹی نے کھلاڑیوں کی سلیکشن پر بھی سوال اٹھا دیا تاہم فی الحال ٹیم منیجمنٹ کو سپورٹ کرنے کی حمایت بھی کردی۔
سربراہ کرکٹ کمیٹی سلیم یوسف نے کہا کہ پرفارمنس اچھی نہیں لیکن ایڈوانٹیج دیا، دوبارہ ریویو کریں گے۔
کمیٹی نے منیجمنٹ سے پلان اور اہداف پر مکمل وضاحت طلب کرلی اور واضح کیا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں شکست کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ کمیٹی کی دو ٹوک وضاحت پر قیاس کیا جارہا ہے کہ اگر قومی ٹیم پروٹیز کیخلاف اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی تو یقیناً مصباح اور وقار کو اپنی کرسیوں سے ہاتھ دھونے پڑ جائیں گے۔