لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف کیلئے جیل میں میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست پر نیب سے رپورٹ طلب کر لی گئی۔
عدالت نے شہباز شریف کے وکلاٗ کو کورونا ایس او پی اور دوران پیشی پریس کانفرنسز پر تنبیہ بھی کردی۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر سپریم کورٹ میں مصروف ہے آئندہ سماعت پر جواب جمع کروا دیں گے۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا پر سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی ۔
فاضل جج نے شہباز شریف کے ایسوسی ایٹ وکیل کو ہدایت کی کہ اس کیس کو بہت باریکی سے دیکھ رہے ہیں، شہباز شریف پیشی پر کمرہ عدالت میں پریس کانفرنس شروع کر دیتے ہیں جس سے عدالتی ٹائم برباد ہوتا ہے۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ کو ہدایت کی ہے کہ اب شہباز شریف یہاں کیس سے متعلق بات کریں کیونکہ ہر بار پیشی پہ دو تین گھنٹے ایک کیس میں گزر جاتے ہیں۔
عدالت نے تحفظات کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کا بھی ڈر ہے ہر پیشی پر کمرہ عدالت بھر دیا جاتا ہے۔