Aaj Logo

شائع 08 جنوری 2021 11:30am

سانحہ مچھ:کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا احتجاج چھٹے روز میں داخل

کوئٹہ :سانحہ مچھ کیخلاف کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا احتجاج چھٹے روز میں داخل ہوگی،شہداء کمیٹی نے وزیر اعظم کے نہ آنے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔

مچھ میں کان کنوں کے قتل کیخلاف مغربی بائی پاس پردھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے،دھرنے میں مجلس وحد المسلمین کے رہنما ،کارکنان، ہزارہ کمیورنٹی ،لواحقین اورخواتین و بچے شریک ہیں،دھرنے میں سانحہ مچھ میں جاں بحق کان کنوں کی میتیں بھی سڑک پر رکھی ہوئی ہیں۔

دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی آمد تک دھرنا جاری رہے گا، وزیراعظم کی آمد تک میتوں کی تدفین بھی نہیں کی جائے گی۔شہداء کمیٹی کے ارکان کے مطابق لواحقین نےکہا ایک مہینے بھی دھرنا جاری رہے گا، انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، بے نظمی ہوئی تو شرپسندعناصر ذمہ دار ہوں گے۔

دھرنے کے پانچویں روز مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری وفود کے ہمراہ دھرنےکے شرکا ءکے پاس پہنچے اور ان سے تعزیت کی،اس موقع پر مریم نواز نے وزیر اعظم کو تنقید کانشانہ بنایا اور کوئٹہ آنےکا مطالبہ کیا۔

اس سے قبل وفاقی وزرا شیخ رشید، علی زیدی، معاون خصوصی زلفی بخاری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی دھرنے کے شرکا ءسے میتوں کی تدفین کیلئے مذاکرات کرچکے ہیں لیکن انہیں ناکامی ہوئی۔

سانحہ مچھ کیخلاف کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں بھی احتجاج اور دھرنے جاری

سانحہ مچھ کیخلاف کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں بھی احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے،شاہراہیں بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سانحہ مچھ کیخلاف کراچی کے 26مختلف مقامات پردھرنے جاری

سانحہ مچھ کیخلاف کراچی کے 26مختلف مقامات پردھرنے جاری ہیں،سڑکیں بند ہونے سے مریضوں اور شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سانحہ مچھ کیخلاف کراچی میں چوتھے روز احتجاج کے باعث مرکزی اور اہم شاہراہیں تاحال بند ہیں مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر جاری ہے۔

ناتھا خان،اسٹار گیٹ،کامران چورنگی،جوہرموڑ،صفورا چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نیپا چورنگی پل، سمامہ ،ملیر پندرہ، پاور ہاؤس چورنگی، انچولی، فائیو اسٹار چورنگی سمیت چھبیس مقامات پردھرنے جاری ہیں ۔

شہرکی اہم شاہراہیں بند ہونے سے مریضوں اوراسپتال اوردفاترجانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،شہری کہتے حکومت معاملے حل کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

دوسری جانب مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ان کے جائزمطالبات تسلیم کئے جائیں ۔

کراچی میں دھرنوں کے باعث سڑکوں پرپبلک ٹرانسپورٹ بھی کم ہے جس سے دفاترکانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

ہزارہ قبیلے سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں بھی دھرنا جاری

ہزارہ قبیلے سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں بھی دھرنا جاری ہے،3روز سے مال روڈ سے ملحقہ سڑکیں بھی بند ہیں،صوبے کے دیگر شہروں میں بھی سانحہ مچھ کیخلاف احتجاج جاری ہیں۔

ہزارہ کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں گورنر ہاؤس کے سامنے 3روز سے دھرنا جاری ہے، مظاہرین کہتے ہیں اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا۔

مال روڈ پر احتجاج نے بیشتر سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔

دھرنے کے باعث چائنہ چوک، لارنس روڈ، ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ اور دیگر شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی ہیں ہزارہ کیمونٹی سے یکجہتی کیلئے ملتان،علی پور اور حافظ آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج جاری ہے۔

مجلس وحدت المسلمین کا اسلام آباد میں احتجاجی دھرنا جاری

مجلس وحدت المسلمین کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاجی دھرنا جاری ہے جبکہ دھرناشرکاءکے مطابق مرکزی دھرنےکےقائدین کی کال تک احتجاج جاری رہے گا۔

Read Comments