اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی، موسم کے بدلتے تیور سے کئی علاقوں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا، اسکردو کا درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں پھیل جائے گا، جس کے باعث آئندہ دو روز کے دوران بارش اور برفباری کا مکان ہے۔
آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا، وادی نیلم، وادی لیپہ، پیر چناسی سمیت تمام پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑ لی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد،بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے، دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
بات کی جائے سخت سردی کی تو استور کا درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ کو پہنچ گیا ہے جبکہ زیارت منفی 10 ، ہنزہ ، قلات منفی 09، کوئٹہ ، کالام ،بگروٹ منفی 08 ، گلگت منفی 07 ، ژوب منفی 06،پاراچنار منفی 05اور دیرمیں منفی04 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔