وزیراعظم عمران خان نےافغانستان میں امن واستحکام کےلئے مذاکراتی سیاسی تصفیے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کااعادہ کیاہے کیونکہ جنگ زدہ ملک کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں افغانستان کے صنعت و تجارت کے وزیرنیاز احمد فیضی گھوریانی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فریقین پر جنگ بندی کےلئے تشدد میں کمی کے اقدامات پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کےلئے فائدہ مند ہے جس کےلئے علاقائی رابطہ کو بڑھانا ہوگا اور اقتصادی تعاون کیلئے نئے مواقع فراہم کرنا ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان وسیع اقتصادی تعاون کے مواقع موجود ہیں جن کےلئے تجارتی اور معاشی تعاون ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نےکہاکہ مزار شریف، کابل، پشاور ریلوے لائن منصوبہ اہمیت کاحامل ہے اور اس کیلئے فنڈز کے حصول کی خاطر پاکستان ازبکستان کی حمایت کرے گا۔
افغان وزیر نے انہیں افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور دوطرفہ راہداری تجارت سے متعلق امور پر پیشرفت پر بات چیت کی۔
انہوں نے افغان امن عمل میں معاونت پر پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تجارتی اور اقتصادی تعلقات کی افغانستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔