Aaj Logo

شائع 26 دسمبر 2020 05:07pm

کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ، انگلینڈ میں ٹیئر فور قانون نافذ

فرانس میں وائرس کی نئی قسم کا پہلا کیس سامنے آگیا، متاثرہ شخص کو فوری قرنطینہ کردیا گیا۔ دوسری جانب کیسز میں مسلسل اضافے کی باعث انگلینڈ میں ٹیئر فور قانون نافذ کردیا گیا جبکہ امریکا نے بھی برطانیہ سے آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔

کورونا وائرس کی نئی قسم نے فرانس کا بھی رخ کرلیا، فرانس میں وائرس کی نئی قسم کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ متاثرہ شخص برطانیہ سے آیا تھا جسے فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا۔ جاپان میں اب تک 5 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ادھر وائرس کی نئی قسم کے باعث آج سے انگلینڈ کے متعدد علاقوں میں ٹیئر فور قانون نافذ کردیا گیا۔ تقریباً 60 لاکھ نفوس کو مزید سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مکینوں کو دوسرے شہروں کا سفر کرنے کیلئے 10 روزہ قرنطینہ کی ہدایت بھی کی گئی۔

برطانیہ میں مسلسل تیسرے روز بھی کورونا کے 32 ہزار 700 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 570 ہلاکتیں ہوئیں۔

امریکا نے بھی احتیاط کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔ روس نے بھی مسافروں پر 2 ہفتے کا قرنطینہ لاگو کردیا۔

Read Comments