روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو اسٹریٹیجک اسلحہ کم کرنے کے معاہدے "اسٹارٹ 3" میں ایک سال کی توسیع اور جوہری وار ہیڈز کو منجمد کرنے کا عہد کرنے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ دوسری طرف امریکی محکمہ خارجہ نے جوہری ہتھیاروں کو محدود کرنے سے متعلق پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹاگس نے کہا کہ ہم روس کے جوہری ہتھیاروں کو کم کرنے کیلئے پیش رفت کرنے پر آمادگی کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔ امریکا اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کی خاطر فوری طور پر ملاقات کرنے کے لیے تیارہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ روس اپنے سفارتکاروں کو بھی ایسا کرنے کی اجازت دے گا۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان کہا کہ روس اسٹارٹ 3 معاہدے میں ایک سال کے لیے توسیع کی تجویز پیش کررہا ہے۔ امریکا نے روس کو جوہری وار ہیڈز کو منجمد کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس پر دونوں فریقوں کی ملکیت میں جوہری وار ہیڈز کی تعداد کو منجمد کرنا اہم پیش رفت ہے۔ اس سے دنیا بھر میں اسلحے کے حصول کے لیے جاری دوڑ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کو جوہری وار ہیڈز کی تعداد کم کرنے یا انہیں منجمد کرنے کے موقف پر قائم رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نقطہ نظر واشنگٹن کے لیے موزوں ہے کہ "اسٹارٹ 3" معاہدے کی توسیع کے نتیجے میں حاصل ہونے والا وقت جوہری میزائل ہتھیاروں کی آئندہ نگرانی پر جامع دوطرفہ بات چیت کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔